سعودی عرب کا حجاج کرام کیلئے سمارٹ کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ
سمارٹ کارڈز میں الیکٹرانک ایپ سے منسلک عازمین کی معلومات شامل ہوں گی
سعودی عرب نے حجاج کرام کے لیے سمارٹ کارڈز جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا، سمارٹ کارڈز میں حجاج کے تجربات کو بڑھانے کے لیے الیکٹرانک ایپ سے منسلک صارفین کی معلومات شامل ہوں گی، معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ عرب نیوز کے مطابق جدہ میں حج اور عمرہ سروسز کانفرنس اور نمائش کے دوران نسک فاؤنڈیشن برائے حج و عمرہ اور اوقاف کی جنرل اتھارٹی نے الیکٹرانک حل کے ذریعے حجاج کے تجربات کو بڑھانے کے مقصد سے ایک تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے، معاہدے میں ایسے سمارٹ کارڈز کے اجراء کی تفصیلات دی گئی ہیں جن میں صارفین کی ذاتی، رہائشی اور صحت کی معلومات الیکٹرانک ایپ سے منسلک ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ معاہدے پر سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان مشاط اور اوقاف کی جنرل اتھارٹی کے گورنر عماد بن صالح الخراشی نے دستخط کیے، اس موقع پر عودی نائب وزیر حج و عمرہ نے مملکت کے وژن 2030ء کے اصلاحاتی منصوبے کے اہداف کے تحت ڈیجیٹل حل کے استعمال اور خدمات کے آٹومیشن کے ذریعے حجاج کے روحانی سفر کو تقویت دینے کے معاہدے کی اہمیت پر زور دیا۔جدہ میں "حج ایکسپو 2023" کانفرنس اور نمائش میں بات کرتے ہوئے پاسپورٹ (جوازات) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل سلیمان ال یحییٰ نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے رواں سال کے دوران کسی بھی تعداد میں عازمین حج کی آمد کے لیے تیاریاں جاری ہیں، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ عازمین کے آنے کے طریقہ کار کو تیار کرنے کے ساتھ الیکٹرانک خدمات کو آسان بنانے اور بائیو میٹرک خصوصیات کی رجسٹریشن کے لیے مسلسل کوشش کر رہا ہے جو آنے والے حجاج کرام کی شناخت جاننے اور ان کی مملکت آمد کے عمل کو تیز کرنے میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔جوازات کے سربراہ نے کہا کہ سعودی عرب مضبوط ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بدولت کسی بھی تعداد میں حاجیوں کو وصول کرنے کے لیے تیار ہے، "مکہ روٹ" اقدام کا آغاز وزارت داخلہ نے 8 سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کیا تھا، جس کا مقصد حجاج کرام کے سفری طریقہ کار کو اپنے اپنے ممالک سے مکہ مکرمہ میں ان کی آمد سے پہلے مکمل کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ عازمین حج کی خدمت میں مشن کی کامیابی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس نے 14 زبانیں بولنے والے ملازمین کو تمام زمینی اور سمندری بندرگاہوں کے ذریعے حجاج کی آمد پر ان کی خدمت کے لیے تفویض کیا ہے، آن لائن طریقہ کار کو آسان بنانے کے سلسلے میں سعودی عرب میں پہلے سے رہائش پزیر مقامی حجاج کے لیے الیکٹرانک پلیٹ فارم کا اقدام قابل تعریف ہے، اسباق تیار کرنے اور جوازات کی صلاحیت کا اندازہ لگانے میں الیکٹرانک ڈیٹا انتہائی اہم ہے تاکہ حجاج کی آسانی سے نقل و حرکت میں حصہ ڈالا جا سکے۔
