وفاقی حکومت نے اراکین پارلیمنٹ کو اسلام آباد پہنچنے کی
ہدایت کردی
قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت، سینیٹ اور قومی اسمبلی اجلاسوں سے قبل مشاورتی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا
وفاقی حکومت نے اراکین پارلیمنٹ کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کردی ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، سینیٹ اور قومی اسمبلی اجلاسوں سے قبل مشاورتی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا۔ ہم نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے اراکین پارلیمنٹ کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کردی ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، سینیٹ اور قومی اسمبلی اجلاس سے قبل مشاورتی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے، اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا کریں گے، سینیٹ میں حکومتی اتحادیوں کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر کوطلب کیا گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کیلئے آج رات تک کا وقت ہے۔
اسمبلی تحیل کرنے کی یہ ایک اہم ذمہ داری ہے، آئین کی پاسداری کیلئے قدم اٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ دعا ہے آئین کی پاسداری کیلئے جو بھی فیصلہ ہو ملک وقوم کی بھلائی کیلئے ہو، اسمبلی کی تحلیل اہم ذمہ داری، نہیں چاہتا یہ کام عجلت میں ہو۔
دوسری جانب وزیراعظم کے خلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی کے لیے پی ٹی آئی نے پارٹی میں لابنگ تیز کر دی۔ صدر مملکت کو جلد وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے کہے جانے کا امکان ہے۔ پی ٹی آئی نے یہ فیصلہ ایم کیو ایم کے تحفظات کو دیکھتے ہوئے کیا۔ پی ٹی آئی پرامید ہے کہ ایم کیو ایم وزیراعظم شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ نہیں دے گی۔ پی ٹی آئی نے وزیراعظم کے خلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
عمران خان کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی کارروائی کی منظوری دے دی گئی ،صدر مملکت عارف علوی جلد وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے کہیں گے۔ جبکہ پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل اور موجودہ صورتحال پر سیاسی جماعتوں میں رابطے تیز ہو گئے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے سابق صدر آصف زرداری سے ایک بار پھر ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ دنیا نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ آصف زرداری کا آج ہی لاہور آنے کا امکان ہے جبکہ آصف زرداری کی شہباز شریف اور سربراہ مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات متوقع ہے۔
