دبئی پولیس کی مدد سے کینیڈا نے 2 ہزار 500 کلو منشیات پکڑ لی
50 ملین کینیڈین ڈالر سے زائد مالیت کی منشیات 19 سمندری شپنگ کنٹینرز میں چھپائی گئی تھی
دبئی ( اُردواے بی آفیشل اخبارتازہ ترین ۔ 14 جنوری 2023ء ) دبئی پولیس کی مدد سے کینیڈا نے 2 ہزار 500 کلو منشیات پکڑلی، 50 ملین کینیڈین ڈالر سے زائد مالیت کی اس منشیات کو 19 سمندری شپنگ کنٹینرز میں انتہائی مہارت سے چھپایا گیا تھا۔ خلیجی اخبار الامارات الیوم کے مطابق کینیڈا کے حکام نے دبئی پولیس کے جنرل ڈپارٹمنٹ فار ڈرگ کنٹرول سے حاصل کردہ معلومات کی بدولت اپنی تاریخ کی سب سے بڑی مقدار میں افیون کو ضبط کرنے کا اعلان کیا ہے، بڑی مقدار میں ڈھائی ٹن افیون کی مقدار تھی، 50 ملین کینیڈین ڈالر سے زیادہ مالیت کی افیون 19 سمندری شپنگ کنٹینرز میں چھپائی گئی تھی۔دبئی پولیس نے بتایا کہ اسے قابل اعتماد ذرائع سے معلومات ملیں، جن میں کنٹینرز کا راستہ ان کی منزل (کینیڈا) تک پہنچنے سے پہلے پانچ ممالک سے ہوتا ہوا دکھایا گیا تھا اور یہ کہ منشیات کو 19 سمندری شپنگ کنٹینرز میں نصب پلاسٹک شپنگ پیلیٹس کے اندر چھپایا گیا تھا، ان اطلاعات کی بنیاد پر کینیڈین حکام سے فوری رابطہ کیا گیا اور ابتدائی معلومات فراہم کی گئیں، جس کے نتیجے میں کنٹینرز کے کینیڈا میں وینکوور کی بندرگاہ پر پہنچنے تک تقریباً 73 دنوں تک کوآرڈی نیشن اور فالو اپ جاری رہا، جس کے بعد کنٹینرز کا پتہ لگاکر کینیڈین حکام نے انہیں ضبط کرلیا۔ایک پریس کانفرنس کے دوران کینیڈین حکام نے کھیپ کا پتہ لگانے میں دبئی پولیس جنرل کمانڈ کے کردار اور بین الاقوامی منظم جرائم کا مقابلہ کرنے میں اس کے مستقل تعاون کو بیان کیا، اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ اس کیس کے نتیجے میں 247 پلاسٹک شپنگ پیلیٹ ضبط کیے گئے جن میں تقریباً 2 ہزار 500 کلو گرام افیون تھی جب کہ دبئی پولیس نے تصدیق کی کہ یہ آپریشن دبئی پولیس اور کینیڈین حکام کے درمیان تعاون کا ایک نمونہ ہے اور ان مشترکہ کارروائیوں میں سے ایک ہے جو سکیورٹی کو بڑھانے اور منظم جرائم سے نمٹنے کے لیے دونوں فریقوں کے درمیان مضبوط تعلقات کے نتیجے میں سامنے آیا۔
