فواد چوہدری کو پمز اسپتال کے ڈاکٹروں نے تندرست قرار دیدیا
ایف 8 کچہری میں سماعت کے بعد اسلام آباد پولیس فواد چوہدری کو لے کر پمز پہنچی تھی
اسلام آباد ( اُردوتازہ ترین ۔ 25 جنوری 2023ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کا پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسلام آباد میں طبی معائنہ کیا گیا۔ ایف 8 کچہری میں سماعت کے بعد اسلام آباد پولیس فواد چوہدری کو لے کر پمز پہنچی تھی۔ ذرائع کے مطابق فواد چوہدری کا پمز اسپتال کے امراض قلب سینٹر میں طبی معائنہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق شعبہ میڈیسن اور امراض قلب کے ڈاکٹرز فواد چوہدری کا معائنہ کیا اور پی ٹی آئی رہنما کا بلڈ پریشر، شوگر لیول، نبض اور دھڑکن مانیٹر کی۔ ذرائع کے مطابق فواد چوہدری کے طبی معائنے کی رپورٹ پولیس اور عدالت میں پیش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ فواد چوہدری کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی عدالت نے پولیس کی استدعا پر تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد
چوہدری کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان کی جانب سے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا گیا، جو 2 صفحات پر مشتمل ہے۔ پولیس کی جانب سے فواد چوہدری کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی تھی، تاہم عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ عدالت نے فواد چوہدری کو 27 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سے قبل سیشن کورٹ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، فواد چوہدری کو ڈیوٹی جج نوید خان کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے فواد چوہدری کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جب کہ پی ٹی آئی وکلاء نے فواد چوہدری کی ہتھکڑی اتارنے کی استدعا کی۔اس موقع پر ڈیوٹی جج نوید خان سے مکالمہ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے فیملی اور وکلاء سے بات کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ 5منٹ فیملی سے بات کرنی ہے اور 5منٹ اپنے وکلاء سے بات کرنا چاہتا ہوں، باہر 1500 پولیس والے کھڑے ہیں، مجھے ہتھکڑی لگائی گئی، اسلام آباد پولیس کو کہیں کہ اس طرح نہ کریں، میں سپریم کورٹ کا وکیل ہوں۔ دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے دلائل کا آغاز کیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، الیکشن کمیشن کے پاس انتخابات کروانے کے تمام اختیارات ہیں، فواد چوہدری کی تقریر کرنے کا مقصد سب کو اکسانا تھا، فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے گھروں تک پہنچیں گے۔