مہنگائی 50 فیصد ہو جائے گی
پھر یہاں خانہ جنگی ہو گی، ابھی یہاں ایک دوسرے کے گھر، پرس، فون، موٹرسائیکل، گاڑیاں لوٹی جائیں گی: اردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو میں شیخ رشید نے خبردار کر دیا
شیخ رشید نے مہنگائی میں ہوشربا اضافے کی پیشن گوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اردو پوائنٹ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی جانب سے تہلکہ خیز دعوے کیے گئے۔
انہوں نے فواد چوہدری کی گرفتاری اور اپنی گرفتاری کے امکانات کے حوالے سے کہا کہ ہم تو سیاسی کارکن ہیں ہر وقت گرفتاری کیلئے تیار ہیں، ہمارے گھر کسی کو فورس لانے کی ضرورت نہیں ہے، میں نے ہر وقت اپنا بیگ تیار کیا ہوتا ہے جو گرفتاری کی صورت میں ساتھ لے کر جاوں گا۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ فواد چوہدری اچھا بندہ ہے، تحریک انصاف میں محنت کرنے والا ہے، اوروں کو بھی گرفتار کر لیں، یہ سارے عمران خان کی خدمت کر رہے ہیں، فواد چوہدری کی گرفتاری کا مقصد یہ ہے کہ ڈرایا جائے، تاہم یہ لوگ خود اندر سے ڈرے ہوئے ہیں۔ سابق وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ یہ دیکھنا چاہتے ہیں، شہر سیل کرنا چاہتے ہیں، یہ عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتے، یہ پارٹیاں عمران خان کے مقابلے میں الیکشن میں نہیں اتریں گی، کوشش ہے عمران خان کو گرفتار اور نااہل کرنے کی، لیکن یہ ایسا کر نہیں سکیں گے، حالات مختلف ہو جائیں گے، کارکنوں سے کہتا ہوں عمران خان کا ساتھ دیں۔انہوں نے اپنی سیکورٹی کے حوالے سے کہا کہ مجھ پر خود کش حملے ہو چکے، 25 سال سے لال حویلی پر سیکورٹی موجود ہوتی تھی اب وہ بھی واپس لے لی گئی۔ نگران وزیر اعلٰی کے معاملے پر سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ میں نے نواز شریف کو کہہ دیا ہے کہ محسن نقوی تمہارا نہیں ان کا بندہ ہے۔