پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں واپسی کیلئے وفاقی حکومت سے3 بڑے عہدے مانگ لئے

Wasi
0

 

پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں واپسی کیلئے وفاقی حکومت سے3 بڑے عہدے مانگ لئے

اپوزیشن لیڈر، چیئرمین پی اےسی اور پارلیمانی لیڈرکا عہدہ پی ٹی آئی کو دیا جائے، قومی اسمبلی میں واپسی کا فیصلہ تین عہدے دینے سے مشروط ہے ۔ ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری کی میڈیا سے گفتگو



لاہور  اخبارتازہ ترین۔ 17جنوری 2023ء ) تحریک انصاف نے وفاقی حکومت سے تین بڑے عہدے مانگ لئے ہیں، ترجمان فوادچودھری نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر، چیئرمین پی اے سی اورپارلیمانی لیڈرکا عہدہ پی ٹی آئی کو دیا جائے، قومی اسمبلی میں واپسی کا فیصلہ تین عہدے دینے سے مشروط ہے ۔ انہوں نے لاہور میں زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی بلدیاتی انتخابات میں ٹرن آؤٹ کو کم کرنے کیلئے افواہیں پھیلائی گئیں کہ دھماکے ہوسکتے ہیں ، اگر حکومتیں ہی شہریوں کو ڈرانے پر آجائے کہ گھروں سے نہیں نکلنا ، تو پھر ووٹنگ کی شرح متاثر ہوئی، کراچی کے انتخابات کو مذاق بنایا گیا اس کو مسترد کرتے ہیں، کراچی کے انتخابات کے نتائج 3 دن نہیں آسکے، لوگوں کو سمجھ آگئی ہوگی کہ کیوں الیکشن کمیشن اور پوری لابی ای وی ایم کی مخالفت کررہا تھا؟ ہم نے ای وی ایم بنا لی تھی، کیونکہ ای وی ایم سے ووٹ اور فارم ٹیمپرنگ نہیں ہوسکتی تھی، کراچی انتخابات میں دھاندلی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ اسمبلی آج تحلیل ہوجائے گی، خیبرپختونخواہ اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری کچھ دیر میں گورنر کو بھیج دی جائے گی، امید ہے گورنر خیبرپختونخواہ آئین پر عملدرآمد کریں گے اورگورنر پنجاب کی طرح وقت ضائع نہیں کریں گے۔ عمران خان نے یہ دونوں وعدے راولپنڈی میں کئے تھے ہم ان وعدوں پر پورا اترے۔ تحریک انصاف کا اعتماد ہے کہ پی ٹی آئی اسمبلیاں تحلیل کرکے عوام کے پاس جارہی ہے۔

پنجاب کے بعد کے پی اسمبلی بھی تحلیل ہوجائے گی۔ پنجاب میں میاں اسلم اقبال کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی بنا دی گئی ہے، اپوزیشن کے نام کوئی سنجیدہ نام نہیں ہیں۔ پی ٹی آئی کے نام سنجیدہ تھے۔ ناصر کھوسہ سے درخواست کروں گا کہ وہ اپنا فیصلہ تبدیل کریں، یہ پاکستان کیلئے بہتر کوشش ہوگی۔اب ہمارا فوکس وفاقی حکومت کو گھر بھیجنا نہیں ہے، ہماری خواہش ہے کہ وفاقی حکومت ساتھ بیٹھ کر انتخابی فریم ورک کیلئے معاملات طے کرے، معیشت ٹھیک ہوسکتی ہے اگر سیاسی استحکام ہو، اسمبلیوں میں ہمارے استعفے منظور نہیں کئے گئے۔

اگر الیکشن فریم ورک پر بات نہیں ہوگی تو حکومت کو گرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بڑی جماعت ہے قومی اسمبلی میں 3عہدے دیئے جائیں، اپوزیشن لیڈر،چیئرمین پی اے سی اور پارلیمانی لیڈرکے عہدے ہمیں دیئے جائیں۔ قومی اسمبلی میں ابھی واپسی کا فیصلہ نہیں کیا، قومی اسمبلی میں واپسی کا فیصلہ تین عہدے دینے سے مشروط ہے ۔

Post a Comment

0Comments
Post a Comment (0)